نئی دہلی ،24؍نومبر (ایجنسی) تمل ناڈو کے آر کے نگر اسمبلی سیٹ سمیت چار ریاستوں کی پانچ اسمبلی سیٹوں کے لیے 21دسمبر کو انتخاب ہوگا۔الیکشن کمیشن نے آج ان سیٹوں کے انتخابی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے یہ معلومات دی۔کمیشن کی سرکاری ریلیز کے مطابق اروناچل پردیش کی پاکے کسانگ اور لیکابالی ، تمل ناڈو کی رادھاکرشنگر، اتر پردیش کی سکندرا اور مغربی بنگال کی سبانگ اسمبلی سیٹ پر21دسمبر کو ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ ہوگی۔ان سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لیے 27نومبر کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی امیدوار نامزدگی کر سکیں گے۔نامزدگی کی آخری تاریخ چار دسمبر ہوگی جبکہ نامزدگی کاغذات کی جانچ پانچ دسمبر اورنامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ سات دسمبر مقررہ کی گئی ہے۔ان سیٹوں پر 21دسمبر کو پولنگ کے بعد 24دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔